ضلع کٹھوعہ میں 5مارچ سے لاپتہ تین افراد کی لاشیں برآمد

ڈوڈہ سڑک حادثے میں ایک شخص جاں بحق، 6دیگر زخمی

اتوار 9 مارچ 2025 14:35

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ سے تین لاپتہ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں ، لاشوں کو پہاڑی علاقے میں ایک آبشارسے ڈرون کے ذریعے دیکھا گیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قابض حکام نے بتایا کہ تینوں افراد تحصیل بلاور میں شادی کی تقریب سے واپسی کے دوران لاپتہ ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ لاپتہ افراد کا سراغ لگانے کے لیے متعلقہ حکام نے ایک بڑا آپریشن شروع کیا تھا کیونکہ لاپتہ افراد میں سے ایک نے دو روز قبل اپنے اہل خانہ سے رابطہ کرکے کہا تھا کہ وہ واپسی کے دوران جنگل میں اپنا راستہ کھو چکے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ لاشوں کو واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں، پوسٹ مارٹم کے بعد موت کی وجہ کا تعین کیا جائے گا۔دریں اثناء ضلع ڈوڈہ میں سڑک کے ایک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور چھ دیگر زخمی ہو گئے۔

حادثہ ضلع کے علاقے فافری کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر گاڑی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جاگری۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ناظم بٹ کے نام سے ہوئی ہے جو مسری گنڈنہ کا رہائشی ہے۔حکام نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کیا گیا ہے۔