یو ای ٹی ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن کے تحت احتجاج کا سلسلہ جاری

پیر 10 مارچ 2025 21:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2025ء)یو ای ٹی ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن (ٹی ایس ای)کے زیر اہتمام وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کی جانب سے اساتذہ اور ریسرچرز کی تنخواہوں میں 25فیصد ٹیکس کٹوتی کے فیصلے کے خلاف شدید احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔اساتذہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈزاٹھا کر لائبریری چوک میں احتجاج کیا ، پلے کارڈز پر مختلف نعرے درج تھے۔

اس سلسلے میں صدر ٹی ایس اے ڈاکٹر محمد شعیب کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہواجس میں ایسوسی ایشن نے جنرل باڈی میٹنگ بلانے کا فیصلہ کیاتاکہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے۔اجلاس میں ٹی ایس اے کے ارکان نے اس فیصلے کے اساتذہ اور محققین پر پڑنے والے منفی اثرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ ٹی ایس اے کے صدر نے کہا کہ اگر یہ نوٹیفیکیشن واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

ٹی ایس اے کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر تنویر قاسم نے کہا کہ یہ اقدام اساتذہ اور محققین پر سنگین مالی اثرات مرتب کرے گا اور ان کے معاشی مفادات کو نقصان پہنچائے گا۔ایسوسی ایشن اپنے اساتذہ کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی جب تک اس غیر منصفانہ ٹیکس کٹوتی کو واپس نہیں لیا جاتا۔اجلاس میں ڈاکٹر فہیم گوہر اعوان، ڈاکٹر عثمان، ڈاکٹر اویس،ڈاکٹر شمائلہ، ڈاکٹر ھدی، ڈاکٹر رضوانہ،ڈاکٹر محمد عرفان جلیس نے شرکت کی۔