گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں ڈاکٹر طوبہ نجم کی سولو آرٹ نمائش ''ٹیپسٹری آف لو: ویونگ ٹوگیدر فیملی آرٹ اینڈ پوئٹری'' کا انعقاد

منگل 11 مارچ 2025 16:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے ویمن ڈویلپمنٹ اینڈ مینٹورنگ سینٹر کے زیر اہتمام ایک خصوصی سولو آرٹ نمائش منعقد کی گئی۔ ''ٹیپسٹری آف لو: ویونگ ٹوگیدر فیملی، آرٹ اینڈ پوئٹری'' کے عنوان سے ہونے والی اس نمائش میں آرٹسٹ ڈاکٹر طوبہ نجم کے فن پارے پیش کئے گئے جن میں خواتین کے خاندانی تعلقات، جذبات اور جدوجہد کو منفرد فن پاروں کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔

نمائش کا انعقاد پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آباد میں کیا گیا۔وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز) نے بطور مہمان خصوصی نمائش کا افتتاح کیا۔ انہوں نے آرٹ کے مختلف فن پاروں کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور ڈاکٹر طوبہ نجم کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا اور کیریئر کی پہلی کامیاب نمائش کے انعقاد پر انہیں خصوصی مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ آرٹ ایک مؤثر ذریعہ ہے جو خواتین کی ان کہی کہانیوں کے جذبات اور معاشرتی تجربات کو اجاگر کرتا ہے۔ڈاکٹر طوبہ نجم نے انسٹالیشن آرٹ، کولاج، منی ایچر، آئل اور پیسٹل پینٹنگز کے ذریعے خواتین کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو نہایت خوبصورتی سے پیش کیا ہے۔ اپنے فن پاروں اور اس نمائش کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے فن کا مقصد خواتین کی روزمرہ زندگی،جذبات، چیلنجز اور خوابوں کو ایک تصویری زبان میں پیش کرنا ہے۔

انہوں نے اپنے ناظرین کو فن پاروں کے ذریعے خواتین کی کہانیوں کو محسوس کرنے اور ان کی جدوجہد کو بہتر انداز میں سمجھنے کی ترغیب دی۔ مزید برآں انہوں نے ادارے کا ان کی تخلیقی صلاحیتوں کی نمائش کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے پر خصوصی طور پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔انچارج ویمن ڈویلپمنٹ اینڈ مینٹورنگ سینٹر ڈاکٹر صدف نقوی نے اس موقع پر عالمی یوم خواتین کے حوالے سے ہونے والے اس تیسرے بڑے ایونٹ کی تفصیلات بتائیں اور آگاہ کیا کہ یہ نمائش آج بھی جاری رہے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس تخلیقی اور بامقصد اکٹھ سے مستفید ہو سکیں۔

نمائش میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی، مختلف فیکلٹیز کی کوآرڈینیٹرز، شعبہ جات کی صدور، ڈائریکٹرز، اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکانے فن پاروں کو نہایت دلچسپی سے دیکھا اور خواتین کی زندگی کی عکاسی پر مبنی اس بامقصد اور تخلیقی نمائش کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :