پنجاب کے میدانی علاقوں میں ادرک کی کاشت مارچ اورپہاڑی علاقوں میں مئی کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 11 مارچ 2025 16:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2025ء) پنجاب کے میدانی علاقوں میں ادرک کی کاشت مارچ اور پہاڑی علاقوں میں مئی کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ ادرک غذائی اور طبی لحاظ سے انتہائی اہمیت کاحامل ہے اسلئے اس کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے بتایاکہ ادرک میں 80.9 فیصدپانی،2.3فیصد پروٹین، 0.9فیصد کاربوہائیڈریٹ جبکہ دیگراجزا میں کیلشیم، فاسفورس، آئرن، کیروٹین، تھایا مین، ریبو فلاوین اور وٹامن سی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ادرک گرم اور مرطوب آب وہوا میں بہتر افزائش کرتاہے جس کا پودا ایک سے اڑھائی فٹ تک لمبا ہوتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ ادرک کاقابل استعمال حصہ جڑ ہے جو آلو، شکرقندی، ہلدی کی طرح زمین میں پیدا ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ مقامی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ادرک میرا اور درمیانی زمین میں بہتر افزائش کرتاہے جبکہ اچھے نکاس والی زمین میں اس کی بہتر فصل پیدا ہوسکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ادرک کی کاشت مری، جہلم،اٹک، شکر گڑھ، بجوات اورکوئٹہ میں زیادہ ہوتی ہے تاہم وسطی پنجاب میں دریاؤں کے ساتھ ساتھ مثلاً لاہور، قصور اور شرقپور کے گردونواح میں لیچی اور دیگر پھلوں کے درمیانہ سائز کے باغات میں اس کی کامیابی کے کچھ امکانات موجود ہیں لیکن وسطی پنجاب میں اس کی وسیع پیمانے پر کاشت ممکن نہیں ہے۔