مقبوضہ کشمیر،بی جے پی ایم ایل اے کی طرف سے 13جولائی کے شہداء کی توہین پر کشمیر اسمبلی میں ہنگامہ آرائی

منگل 11 مارچ 2025 22:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی نام نہاد قانون ساز اسمبلی میں 13 جولائی 1931کے شہدا کے بارے میں بی جے پی کے رکن اسمبلی سنیل شرما کے دوبارہ توہین آمیزبیان پر حکومت اور حزب اختلاف دونوں نے شدید احتجاج کیاہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بجٹ پر بحث کے دوران ایوان میں اس وقت ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی جب نیشنل کانفرنس کے ایم ایل اے شوکت حسین نے حالیہ برسوں میں مقبوضہ علاقے میں کیے گئے اقدامات پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

جواب میں بی جے پی کے ایم ایل اے شام شرما شرما نے 13جولائی کے شہداء کے حوالے سے سوال کیا جس کے جواب میں نیشنل کانفرنس کے رکن الطاف کلو نے کہاکہ وہ کشمیریوں کے ہیروہیں ۔

(جاری ہے)

تاہم سنیل شرما نے انہیں غدار قراردیا جس پر ایوان میں ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی ۔سی پی آئی ایم کے لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے اسپیکر سے سنیل شرما کے توہین آمیز بیان کو نوٹس لینے کامطالبہ کیا ۔ ہنگامہ آرائی کے بعد اسپیکر نے مداخلت کی اور بی جے پی ایم ایل اے سنیل شرما کے جارحانہ بیان کو ایوان کی کارروائی سے حذف کر دیا ۔بی جے پی لیڈر سنیل شرما نے چند دن قبل بھی 13جولائی 1931کو عام تعطیل بحال کرنے کا مطالبہ پر شہداء کی بے توقیری کرتے ہوئے انہیں غدار قرار دیاتھا۔