پولیس پرمیرا کوئی کنٹرول نہیں ہے، عمر عبداللہ کا اعتراف

انتخابات کے نتیجے میں منتخب ہونے والے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنی بے بسی اوربے اختیاری کا کھلے عام اعتراف کر لیا

بدھ 12 مارچ 2025 16:57

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں حال ہی میں ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں منتخب ہونے والے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنی بے بسی اوربے اختیاری کا کھلے عام اعتراف کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس پر ان کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انہوں نے یہ بات گزشتہ روز سرینگر میں احتجاج کرنے والے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے کارکنوں پر پولیس کی طرف سے لاٹھی چارج کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

جیسے ہی مقبوضہ جموں وکشمیر کی قانون سازاسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اراکین نے یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کے احتجاج کو اجاگر کیا جو اجرتوںکے اجراء اور ملازمتوں کو باقاعدہ بنانے کا مطالبہ کررہے تھے اور پولیس نے ان کو منتشر کرنے کے لئے ان پر لاٹھی چارج کیاتھا۔اس پر عمر عبداللہ نے کہا کہ لاٹھی چارج نہیں ہونا چاہیے تھا اور اعتراف کیا کہ وہ پولیس پر کنٹرول نہیں رکھتے۔انہوں نے اسمبلی میں اس معاملے کو اٹھانے والے ایک رکن کو جواب دیتے ہوئے کہاکہ جہاں تک مظاہرین کے ساتھ پولیس کے سلوک کا تعلق ہے، میں یہ یاد دلانا چاہوں گا کہ بدقسمتی سے نہ آپ کا اور نہ ہی میرا پولیس پر کنٹرول ہے۔