یونیورسٹی آف تربت کے قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ،پرو وائس چانسلر

جمعرات 13 مارچ 2025 17:57

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2025ء) یونیورسٹی آف تربت کے ڈین، ڈائریکٹرز، ٹیچنگ ڈیپارٹمنٹ اور انتظامی سربراہان کا ایک اہم اجلاس پرو وائس چانسلرکی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں چند طلباء کی جانب سے کی گئی غیرقانونی احتجاج اور ایڈمنسٹریٹو بلاک کے مرکزی دروازے کی بندش کے معاملے پرغورکیاگیا۔ رجسٹرار نے اجلاس کے شرکاء کو طلباءکے احتجاج کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی انضباطی (ڈسپلن)کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں کچھ طلباء کے خلاف نظم و ضبط کی خلاف ورزی اور یونیورسٹی کے قواعدوضوابط کی پامالی پر کارروائی کی گئی تھی جس کے ردعمل میں آج ان طلباء نے یونیورسٹی کے ایڈمن بلاک کے مین گیٹ کو اپنا تالا لگاکربندکردیا جس سے یونیورسٹی کے تعلیمی اور انتظامی معاملات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ یونیورسٹی کے قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور انضباطی کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کویقینی بنایاجائے گا۔ گزشتہ انضباطی(ڈسپلن) کمیٹی کی تحقیقات کے مطابق یہ طلباء نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث پائے گئے، جن میں کیمپس میں شراب رکھنا اور استعمال کرنا، شعبہ جاتی سربراہان اور اساتذہ کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنا، یونیورسٹی کے مین گیٹ کو غیر قانونی طور پر بند کرنا، یونیورسٹی کی سرگرمیوں میں خلل ڈالنا، اور یونیورسٹی کے قوانین کے خلاف غیرمجاز افرادکو بغیر اجازت ہاسٹل میں لانا شامل ہیں۔

ان طلباء نے ہاسٹل وارڈن، سکیورٹی گارڈز اور دیگر یونیورسٹی حکام سے بھی نامناسب زبان استعمال کی۔ ایک اور موقع پر ان طلباء نے کیمپس میں غیرقانونی طور پر اسٹال لگانے کی کوشش کی، جبکہ اسی دن پہلے ہی کھیلوں کی سرگرمیاں جاری تھیں اور اسی روز انعامات تقسیم کرنے کا اختتامی تقریب پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق جاری تھا۔ حالانکہ یونیورسٹی نے طلباء کو اگلے روز سٹال لگانے کا تحریری اجازت نامہ جاری کیا تھا لیکن اس کے باوجود ان طلباء نے انکار کر دیا اور مرکزی دروازے کو بند کرکے اسپورٹس کے اختتامی تقریب کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔

یونیورسٹی آف تربت میں ایک سازگار تعلیمی ماحول کو برقرار رکھنے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔ گزشتہ انضباطی کمیٹی کے فیصلوں کے خلاف ردعمل کے طور پر مذکورہ طلباء نے 13 مارچ 2025 کو دوبارہ ایڈمنسٹریٹو بلاک کے مرکزی دروازے پر دھرنا دیا اور مین گیٹ کو بند کر دیا، اور انتظامی عملے کو دفاتر میں داخل ہونے سے روکا گیا جس سے یونیورسٹی کی معمول کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔