عالمی رینکنگ میں یوای ٹی کی نمایاں درجہ بندی کا سلسلہ جاری

انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے میدان میں یو ای ٹی دنیا کی205 بہترین جامعات میں شامل

جمعرات 13 مارچ 2025 22:56

عالمی رینکنگ میں یوای ٹی کی نمایاں درجہ بندی کا سلسلہ جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2025ء) عالمی درجہ بندی میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کی نمایاں ترقی کا سلسلہ جاری ہے ،کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگزکی تازہ ترین فہرست کے مطابق یو ای ٹی رواں سال 751-760 کی حد تک پہنچ گئی ہے، جو کہ 2024میں791-800 ،2023 میں801-1000 نمبر پر تھی ۔ یو ای ٹی لاہور نے، 1500 عالمی یونیورسٹیوں میں سے، تعلیمی معیارات کو بلند کرنے اور انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنی معروفیت کو مضبوط بنانے کی لگن کے ساتھ قابل ذکر پیشرفت کی ہے۔

یو ای ٹی لاہور نے کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز بائے سبجیکٹ میں بھی شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے میدان میں، یو ای ٹی لاہور نے پاکستان کی 14 سے زائدیونیورسٹیوں میں سرفہرست رہتے ہوئے، 205ویں پوزیشن حاصل کی ہے، جو کہ پچھلے سال کی236ویں پوزیشن سے 31 مقامات کی بہتری ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلریو ای ٹی ڈاکٹر شاہد منیر نے اس کامیابی پر فیکلٹی، انتظامیہ اور طلبا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ''یہ کامیابی یو ای ٹی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی محنت کا نتیجہ ہے۔

ہمارے اساتذہ، انتظامی آفیسرز اور طلبا نے مل کر اس کامیابی کو ممکن بنایا ہے ۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یو ای ٹی ترقی کی راہوں پر اسی طرح گامزن رہے۔''انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سال یو ای ٹی کی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری اور اونچا مقام حاصل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

یو ای ٹی لاہور کی ترقی کی یہ خبریں یقیناً خوش آئند ہیں جو نا صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر ایک سرکردہ ادارے کے طور پر اس کی ساکھ کو مستحکم کرتاہے۔تازہ ترین کیو ایس رینکنگ کے اعداد و شمار کے مطابق، یو ای ٹی نی2024 کے مقابلے میں اپنے سبجیکٹ کے لحاظ سے عالمی درجہ بندی میں کافی بہتری کی ہی:رواں برس یو ای ٹی الیکٹریکل اور الیکٹرانک انجینئرنگ میں 201-250 نمبر پر ہے اسی طرح مکینیکل انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن سسٹم میں گزشتہ برس کی طرح 251-300 اور 401-450 نمبر پر ہی رہی ۔یو ای ٹی نے ریاضی کے ڈومینز میں451-500، بزنس اینڈ مینجمنٹ اسٹڈیز میں551-600کی رینکنگ ، اور فزکس اور فلکیات میں601-675کی رینکنگ رینج کے ساتھدوسری بار رینکنگ حاصل کی ہے۔