بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کا ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ، پاک فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات

فضائی افواج کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے ،بحرین ائیر فورس کی آپریشنل تیاری کیلئے پاک فضائیہ کی صلاحیتوں میں گہری دلچسپی کا اظہار

جمعرات 13 مارچ 2025 22:55

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2025ء)بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ نے جمعرات کو ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آرکے مطابق ملاقات میں فوجی تعاون اور تربیت کے شعبے میں تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسی ٰ نے پی اے ایف کی غیر معمولی ترقی اور خود انحصاری میں پیشرفت کی تعریف کی اورفضائی افواج کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوںنے بحرین ائیر فورس کی آپریشنل تیاری کیلئے پاک فضائیہ کی صلاحیتوں میں گہری دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بحرینی کمانڈر نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک سے جدید ساز و سامان کے حصول کی خواہش کا اظہار کیا اور اسپیس، سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر آپریشنز میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ نے ان شعبوں میں تربیتی سیٹ اپ قائم کرنے میں پاک فضائیہ سے معاونت کی خواہش ظاہر کی۔