سرینگر،انجمن اوقاف کی میر واعظ کی گھر میں نظر بند ی کی مذمت، فوری رہائی کا مطالبہ

جمعہ 14 مارچ 2025 17:01

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں نئی دلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو آج ایک بار پھر سرینگر میں گھر میں نظر بند کر کے نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے جامع مسجد جانے سے روک دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انتظامیہ نے میر واعظ کو سرینگر کے علاقے نگین میں اپنی رہائش گاہ پر نظر بند کر کے انہیں نماز جمعہ جیسے اہم دینی فریضے سے روک دیا۔

(جاری ہے)

میر واعظ سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ سے قبل وعظ کرتے ہیں اور وادی کشمیر کے دور دراز علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ انکا وعظ سننے اور نماز جمعہ ادا کرنے کیلئے مسجد پہنچتے ہیں۔ دریں اثناءجامع مسجد سرینگر کی انجمن اوقاف نے اپنے ایک بیان میں میر واعظ عمر فاروق کی گھر میں نظربندی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے اسے قطعی طور پر ایک بلا جواز اقدام قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ رمضان البارک کے مقدس مہینے میں میر واعظ کی نظر بندی انتہائی افسوسناک ہے۔ انجمن نے کہا کہ انتظامیہ کا اقدام مذہبی معاملات میں صریح مداخلت ہے۔ بیان میں میر واعظ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔