پنجاب یونیورسٹی لائبریری بک کلب کے زیر اہتمام رمضان المبارک کی مناسبت سے پروگرام

ہفتہ 15 مارچ 2025 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2025ء)پنجاب یونیورسٹی لائبریری بک کلب کے زیر اہتمام رمضان المبارک کی مناسبت سے خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف لائبریرین ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر عاصم نعیم، سنٹر فار سائوتھ ایشین سٹڈیز کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مریم کمال، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

اس مہینے کے لیے منتخب کتابیں طاہر نجیب راجہ کا اردو ترجمہ محمد ﷺ: 11 قائدانہ خوبیاں جس نے دنیا کو بدل دیا اور سید سردار علی کی 'What is to be Done? Modernity, Islam and Pakistan' کا تعارف پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر عاصم نعیم نے اردو کتاب کا تجزیہ پیش کیا، جس میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی قائدانہ خصوصیات اور زندگی کے مختلف شعبوں میں ان کے اطلاق کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کتاب میں دیانتداری، ویژن، عاجزی، اور حکمت عملی سے متعلق فیصلہ سازی جیسی خوبیوں پر بحث کی گئی ہے، جو ذاتی اور پیشہ ورانہ ترقی پر ان کے لازوال اثرات کو واضح کرتی ہے۔ڈاکٹر مریم کمال نے سردار علی کی کتاب پرروشنی ڈالتے ہوئے وضاحت کی کہ کس طرح سید سردار علی عصری سماجی و سیاسی چیلنجز کا تنقیدی جائزہ لیتے ہیں اور جدید دور کے سماجی مسائل سے نمٹنے کے لیے فکری اور عملی اصلاحات کی وکالت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کتاب حکمرانی، انصاف اور سماجی تبدیلی کے موضوعات کو تلاش کرتی ہے، ذمہ دار قیادت کے کردار اور شہریوں کی فعال شرکت پر زور دیتی ہے۔ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی نے ادبی اور فکری مصروفیات کو فروغ دینے کے لیے لائبریری کے عزم کا اعادہ کیا اور مقررین اور حاضرین سے ان کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔