دہشتگردی کے خلاف پاک فوج اور سویلین نے بڑی قربانیاں دی ہیں، نثارہ عباسی

ہفتہ 15 مارچ 2025 17:37

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2025ء) آزادکشمیر حکومت کی مشیر برائے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نثارہ عباسی نے بولان میں جعفر ایکسپریس دہشتگری کے واقع میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور مسافروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے بلندی درجات اور ورثاء کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے بولان آپریشن کامیابی سے مکمل کرنے اور مسافروں کو بازیاب کرانے پر فورسزکو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں مشیر حکومت نثارہ عباسی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف پاک فوج اور سویلین نے پہلے بھی بڑی قربانیاں دی ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے دہشتگردوں کی پشت پناہی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے جعفر ایکسپریس واقع میں ملوث دہشتگردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچا کر ثابت کر دیا کہ پاک فوج ہر طرح کی دہشتگردی کو کچلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ نقصان اٹھایا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔