پنجاب میں 10 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی اگیتی کاشت کا ہدف حاصل کیا جائے گا، افتخار علی سہو

ہفتہ 15 مارچ 2025 22:54

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2025ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ صوبہ میں 10 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی اگیتی کاشت کا ہدف حاصل کیا جائے گا،پنجاب میں کپاس کی بحالی کو چیلنجنگ ٹاسک کے طور پر لیا جارہا ہے،کپاس کی اگیتی کاشت میں کاشتکاروں کا بھرپور تعاون قابل ستائش ہے،تاریخ میں پہلی بار کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے بھرپور انداز میں مہم جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں کپاس کی اگیتی کاشت کے ہدف سے متعلق منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی،چئیرمین نیشنل سیڈ اتھارٹی ڈاکٹر آصف علی، وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ، ڈائریکٹر جنرلز زراعت پنجاب چوہدری عبدالحمید،نوید عصمت کاہلوں،عبدالقیوم،صدر کسان اتحاد خالد کھوکھر،کاٹن ایکسپرٹ ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ سمیت محکمہ زراعت و انہار کے افسران شریک تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں کپاس کی اگیتی کاشت ناگزیرہو چکی ہے،تاریخ میں پہلی بار کپاس کی اگیتی کاشت پر کاشتکاروں کو مالی اعانت کا خصوصی پیکج فراہم کیا جا رہا ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے واضح کیا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے متعلقہ فیلڈ فارمیشنز کو اہداف تفویص کئے گئے ہیں،اگیتی کپاس کے ہدف کے حصول میں ناکامی کی صورت میں متعلقہ افسران و عملہ کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے آئندہ 15 دن بہت اہم ہیں،کپاس کی بحالی کیلئے ماہرین کی مشاورت سے عملی سرگرمیوں کا کیلنڈر تیار کیا جائے،فیلڈ فارمیشنز کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے فعال عملی کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ میں معیاری زرعی مداخل کی مقررکردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے۔بعد ازاں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ملتان میں زیر تعمیر ماڈل ایگری مال کا دورہ کیا اور وہاں تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔