مقبوضہ وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری، میدانی علاقوںمیں شدید بارش

سرینگر لیہہ ، مغل روڈ بند، برفانی تودے گرنے کا الرٹ جاری

ہفتہ 15 مارچ 2025 23:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیرمیں وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں شدید بارش ہوئی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق گلمرگ، پہلگام اور سونمرگ جیسے اونچے سیاحتی مقامات پر تازہ برف باری ہوئی ہے جبکہ سرینگر سمیت دیگر میدانی علاقوںمیں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شدید بارش ہوئی۔

(جاری ہے)

سری نگر لیہہ ، مغل روڈ اور سنتھن ٹاپ سمیت کئی شاہراہوں کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔انتظامیہ نے کشمیر کے شمالی حصے میں اسکول اور تعلیمی ادارے بند کر دیے ہیں، محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری سیلسیس کی کمی کی اطلاع دی ہے۔ بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کی توقع ہے ۔کل سہ پہر تک موسم میں بہتری آنے کا امکان ہے۔انتظامیہ نے مسافروں، سیاحوں اور ٹرانسپورٹرز کو سفری ایڈوائیزری پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شمالی کشمیر کے علاقوں میں برفانی تودے گرنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔