بی جے پی اپنے سیاسی مخالفین کو ختم کرنے کے لیے حد بندی کا استعمال کر رہی ہے، بھگونت مان

اتوار 16 مارچ 2025 14:00

چندی گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2025ء)بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے کہا ہے کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت حد بندی عمل کا غلط استعمال کرکے اپنے سیاسی مخالفین کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیراعلی بھگونت مان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کی طرف سے اختیار کردہ غیر جمہوری طرزعمل سے بی جے پی کے عزائم مشکوک لگتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جس طرح سے ملک بھر میں حد بندی کی جارہی ہے اس پر سنگین سوالات کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک حکمت عملی کے تحت جن ریاستوں میں بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتیں کمزور ہیں وہاں کی سیٹیں کم کی جا رہی ہیں جبکہ ان ریاستوں میں سیٹوں کو بڑھایا جا رہا ہے جہاں بی جے پی کا انتشاری ایجنڈا پنپ رہا ہے۔ بھگونت مان نے کہا کہ تمام ہم خیال جماعتیں مودی حکومت کے اس جبر کے خلاف جس کا مقصد جمہوریت کو دبانا ہے، متحدہونگی ۔