انگلش بسکٹ مینوفیکچررز اور ایس او ایس چلڈرنز ولیج پاکستان کے اشتراک سے فیملی اسٹرینتھننگ پروگرام کا آغاز

منگل 18 مارچ 2025 18:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2025ء)پاکستان کی معروف فوڈ ایف ایم سی جی کمپنی،انگلش بسکٹ مینوفیکچررز (ای بی ایم) نے ایس او ایس چلڈرنز ولیج پاکستان کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے فیملی اسٹرینتھننگ پروگرام (Family Strengthening Program)کا آغاز کیا ہے، جو سنگل ماؤں کو بااختیار بنانے اور ان کے بچوں کی بہتر پرورش کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔

ایس او ایس چلڈرنز ولیج پاکستان ایک غیر منافع بخش نجی تنظیم ہے جو 1977 سے یتیم اور بے سہارا بچوں کی فلاح و بہبود، پرورش اور تعلیم کے لیے کام کر رہی ہے۔ فیملی اسٹرینتھننگ پروگرام کا مقصد تنہا کفالت کرنے والی ماؤں کو بااختیار بنانا ہے، تاکہ وہ اپنے معاشی حالات کو بہتر بناتے ہوئے بچوں کو ایک محفوظ اور پرورش یافتہ ماحول فراہم کر سکیں۔

(جاری ہے)

انگلش بسکٹ مینوفیکچررز اور ایس او ایس چلڈرنز ولیج نے ستمبر 2024 میں کراچی میں ایس او ایس کی سہولت پر اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ توقع ہے کہ یہ منصوبہ جون 2025ئتک مکمل ہو جائے گا۔اس شراکت داری کے تحت، ای بی ایم نے حال ہی میں، ایس او ایس چلڈرنز ولیج کے چیئرمین کو 50 ملین روپے کا چیک پیش کیا جس سے پاکستان میں یتیم اور لاوارث بچوں کی فلاح و بہبود اور تعلیم کے لیے ادارے کی وابستگی کا اعادہ ہوتا ہے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں ای بی ایم کی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈاکٹر زیلف منیر نے کہا کہ ’’ای بی ایم میں ہمارا یقین ہے کہ ہماری ذمہ داری محض کاروبار تک محدود نہیں، بلکہ یہ غذائیت سے بھرپور زندگیوں، دلوں اور برادریوں کی پرورش تک پھیلی ہوئی ہے۔ ایس او ایس کے ساتھ ہماری یہ شراکت داری خواتین کو بااختیار بنانے، مالی شمولیت کو فروغ دینے، اور نوجوانوں کی ترقی کے ذریعے ایک دیرپا سماجی اثر قائم کرنے کی کوشش ہے۔

یہ ای بی ایم کے اس وژن کا تسلسل ہے، جس میں ہم خواتین کو گھر اور معاشرے میں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک مضبوط معاون نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں۔‘‘ای بی ایم، فیملی اسٹرینتھننگ پروگرام کے علاوہ، خواتین کی شمولیت اور ترقی کے لیے بھی سرگرم عمل ہے۔ کمپنی نے خواتین ورکرز کی سہولت کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں، جن میں ملازمت میں دوبارہ شمولیت کے مواقع، لچکدار کام کے اوقات، اور مجموعی پیشہ ورانہ ترقی کی معاونت شامل ہیں۔ یہ تمام کوششیں ای بی ایم کے اس وسیع تر وژن کا حصہ ہیں، جس کا مقصد ایک ایسا جامع اور مساوی کام کا ماحول تشکیل دینا ہے، جہاں خواتین ترقی کر سکیں اور معاشرے کی مجموعی فلاح میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔