مظفر آباد، بلدیہ عظمی نے حکومت آزاد کشمیر کا37 ہزار مزدور کی تنخواہ کا نوٹیفکیشن ہوا میں اڑا دیا

بدھ 19 مارچ 2025 23:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2025ء) حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے 37 ہزار مزدور کی تنخواہ کا نوٹیفکیشن بلدیہ عظمی نے ہوا میں اڑا دیا۔ تنخواہ تو درکنار کئی ماہ سے غریب کے چولہے ہی بجھا دیے گئے۔ 12 سے 14 ہزار روپے ماہانہ بلدیہ تنخواہ فراہم نہ کر سکا۔ ایڈھاک ملازمین سمیت بلدیہ کے ملازم سراپا احتجاج، تفصیلات کے مطابق حکومت آزاد کشمیر نے ایڈھاک دیگر ملازمین سمیت دیہاڑی دار مزدور طبقہ کے لیے 37 ہزار روپے تنخواہ کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شکایات کنندگان کو انصاف فراہم کرنے کے لیے بھی باقاعدہ احکامات جاری کیے گئے ہیں مگر حکومت کی جانب سے دیگر اعلانات کی طرح یہ اعلانات بھی عوام کے لیے سوائے لالی پپ کے اور کچھ نہ نکلا۔

(جاری ہے)

خود حکومتی اداروں ہی نے حکومت کی جانب سے دیے جانے والے احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے 37 ہزار کے بجائے 12 سے 15 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ مقرر کر رکھی ہے مگر وہ بھی کئی کئی ماہ ادا نہیں کی جاتی۔ بلدیہ ملازمین کے ورثاء نے حکومت آزاد کشمیر وزیراعظم آزاد کشمیر، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے تقدس کو پامال ہونے سے بچانے کے لیے اور عید کے موقع پر بلدیہ کے ملازمین کو تنخواہ ادائیگی کے لیے کردار ادا کریں۔