ہمدرد یونی ورسٹی میں متوازن انسانی غذا اور خوراک پر کیمپ کا انعقاد

کیمپ میں 150سے زائد افراد کا سروے کیا گیا جنہیں مناسب خوراک کے ساتھ صحت بخش غذائی سفارشات فراہم کی گئیں

جمعرات 20 مارچ 2025 18:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2025ء)ہمدرد یونی ورسٹی کے شعبہ ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹکس نے جمعرات کو ایک کیمپ کا انعقاد کیا جس میں معاشرے کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو صحت اور غذائیت کی مفت خدمات فراہم کی گئیں۔ قومی غذائیت کے مہینے کے سلسلے میں منعقدہ کیمپ کے دوران شعبے کے اساتذہ اور والینٹیئرز نے 150سے زائد افراد کا سروے کیااور دن میں تین مرتبہ کھائی جانے والی خوراک اورغذا کابغور جائزہ لیا اور انہیں متوازن خوراک برقرار رکھنے کے لئے رہنمائی فراہم کی گئی۔

کیمپ کی نگرانی پروفیسر ڈاکٹر العائشہ فاروق نے کی جنہوں نے شعبہ کے تیسرے اورآخری سال کے طلبہ کے ساتھ مل کر اس کیمپ کو آرگنائز کیا۔ کیمپ کے دوران ان افراد کی ذاتی اورمیڈیکل ہسٹری، طرزِ زندگی اور ان کی عادات کے ساتھ ساتھ ان کے وزن، قد اور باڈی ماس انڈیکس کو بھی ریکارڈ کیا گیا جب کہ جسم میں چربی کی علامات اور موجودگی کا اندازہ لگانے کے لئے کیلیپرز کا استعمال کرتے ہوئے جلد کی موٹائی کی پیمائش کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صحت سے متعلق خدشات کی نشاندہی کرنے کے لئے دل کی دھڑکن، بلڈ پریشراور درجہ حرارت بھی نوٹ کیا گیا اور موقع پر متوازن غذا کے لئے ڈائٹ پلان دیا گیا۔ کیمپ کے دوران جسم میں موجود غذائیت کی کمی کی علامات کا اندازہ بھی لگایا گیااور مناسب خوراک کے ساتھ صحت بخش غذائی سفارشات فراہم کی گئیں۔ کیمپ میں موجود افراد کے حاصل کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر طلبہ نے انفرادی طور پر ہر شریک کے لئے ڈائٹ پلان ترتیب دیا جس میں ناشتے،دوپہر اور رات کے کھانے کے لئے تجاویز شامل تھیں جو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق تھی۔

متعلقہ عنوان :