تاجر برادری موجودہ چیلنجز کے باوجود معاشی ترقی کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم میں ثابت قدم ہے، ناصر منصور قریشی

جمعرات 20 مارچ 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا ہے کہ تاجر برادری قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے کے ناطے موجودہ چیلنجز کے باوجود معاشی ترقی کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم میں ثابت قدم ہے۔جمعرات کو چیمبر ہاؤس میں تاجر رہنمائوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر ناصر منصور قریشی نے اقتصادی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار طویل مدتی پالیسیاں اور سیاسی استحکام معاشی ترقی اور برآمدات کو بڑھانے کے لئے یکساں طور پر اہم ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ایسے عملی اقدامات اٹھے کہ جن سے کاروبار میں سہولت ہو، ملک کی تجارتی مسابقت میں اضافہ ہو اور طویل مدتی اقتصادی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

آپسی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں کہا کہ پائیدار صنعتی اور تجارتی ترقی کے حصول کے لئے تجارت سے متعلق فیصلہ سازی کے عمل میں کاروباری برادری کے رہنماؤں کو شامل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آئی سی سی آئی ایک فعال وکالت کا کردار ادا کرنے، سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کاروبار کے فروغ کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔