چھتیس گڑھ، بھارتی فورسز نے 30قبائلیوں کو علیحدگی پسند قراردیکر قتل کردیا

جمعرات 20 مارچ 2025 22:20

بیجا پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2025ء) بھارت کی شورش زدہ ریاست چھتیس گڑھ میں قبائلی برادری کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں بھارتی فورسز نے کم سے کم 30قبائلیوں کو ہلاک کردیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے جمعرات کو ریاست کے علاقے بستر میں بیجا پور اور دنتے واڑہ اضلاع میں دو الگ الگ کارروائیوں میں 30قبائلیوں کو ہلاک کردیاہے ۔

ہلاک ہونیوالے افراد کا تعلق کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاماوسٹ سے تھا۔ان میں سے26 افراد کو ضلع بیجاپور کے علاقے گنگلور میں جبکہ 4کو کانکیر اور نارائن پور میں قتل کیاگیا ۔بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پہلے ہی فورسز کو بھارت سے علیحدگی اور آزاد ریاست کی حمایت کرنے والے تمام قبائلیوں کو ہلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاہے کہ مودی حکومت نکسل باغیوں کے خلاف وحشیانہ کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے ۔

رواں سال اب تک بھارتی فورسز ریاست میں کم سے کم 113قبائلیوں کو نکسل باغی اور مائو نواز قراردیکر ہلاک کر چکی ہیں۔کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مائوسٹ نے جعلی مقابلوں میں قبائلیوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے اور ہائی کورٹ کے جج کے ذریعے ان واقعات کی عدالتی تحقیقات کرانے اور بھارتی فورسز کی وحشیانہ کارروائی روکنے کا مطالبہ کیاہے ۔