زرعی پیداوار میں اضافہ کے ساتھویلیو ایڈیشن، ٹیکنالوجی اور برآمدی مواقع سے بھی جدید سائنسی رجحانات کے مطابق فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے،ڈاکٹرمحمد سرورخان

جمعہ 21 مارچ 2025 14:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹرمحمد سرورخان نے کہا ہے کہ زرعی شعبہ صرف کھیت تک محدود نہیں بلکہ زرعی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اس کی پیداوار میں ویلیو ایڈیشن، ٹیکنالوجی اور برآمدی مواقع سے بھی جدید سائنسی رجحانات کے مطابق فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں معیشت کا تمام دارومدار ٹیکسٹائل پر ہے اور اگر اس شعبہ میں بحران آیا تو پوری معیشت بیٹھ جائے گی اس لئے ٹیکسٹائل کے ساتھ ساتھ دوسرے شعبوں کو بھی ترقی دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ آبادی میں 7گنا اضافہ کے باوجود زرعی شعبہ ان کی غذائی ضروریات کو پورا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں سرمایہ کاری نہ ہونے کی وجہ سے یہ شعبہ جمود کا شکار ہے اگر اس کی سرمایہ کاری کی ضروریات کو پورا کیا جائے تو نہ صرف فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہے بلکہ ان کی ویلیو ایڈیشن اور برآمد سے بھاری زر مبادلہ بھی کما سکتے ہیں۔