ورلڈ فاریسٹ ڈے ،یونیورسٹی آف گجرات میں خصوصی شجرکاری مہم کا انعقاد

ہفتہ 22 مارچ 2025 19:29

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2025ء)ورلڈ فاریسٹ ڈے کے موقع پر یونیورسٹی آف گجرات میں خصوصی شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں طلبہ نے ڈی سی گجرات کے ہمراہ آگاہی واک میں حصہ لیا۔ شجرکاری مہم کے دوران صرف 30 سیکنڈ میں 1000 پودے لگائے گئے۔ ڈی سی گجرات نے یونیورسٹی کے سبزہ زار میں پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔

تقریب میں ریجنل فاریسٹ آفیسر راشد چٹھہ، رجسٹرار یونیورسٹی آف گجرات محمد نعیم بٹ، اساتذہ، طلبہ، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور محکمہ جنگلات کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر گجرات نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور زمین کی زرخیزی کو برقرار رکھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ شجرکاری نہ صرف ہماری نسلوں کے لیے ایک محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے بلکہ یہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کا بہترین حل بھی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ گجرات کے مختلف سرکاری محکموں اور نجی اراضی پر 100,190 پودے لگائے جا رہے ہیں اور شہر کو مزید سرسبز بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔تقریب میں موجود طلبہ نے بھی بھرپور جوش و خروش کے ساتھ مہم میں حصہ لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نہ صرف درخت لگائیں گے بلکہ ان کی دیکھ بھال بھی کریں گے۔ڈپٹی کمشنر صفدر ورک نے کہا کہ یہ مہم کلین اینڈ گرین پاکستان وژن کی عکاس ہے اور ضلعی انتظامیہ اسے کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔

انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ شجرکاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر تمام شرکا نے مزید شجرکاری مہمات کے انعقاد اور درختوں کی حفاظت کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :