ڈپٹی ڈائریکٹرخوراک سردارمحمدثاقب کی زیر صدارت مظفرآباد/پونچھ ڈویژن کاجائزہ اجلاس، ماہ رمضان کے حوالے سے محکمہ خوراک و فوڈاتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ

ہفتہ 22 مارچ 2025 20:31

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2025ء) ڈپٹی ڈائریکٹرخوراک سردارمحمدثاقب کی زیر صدارت مظفرآباد/پونچھ ڈویژن کاجائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں آزاد کشمیر کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے خور و نوش کی دستیابی، قیمتوں پر کنٹرول اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر کو آگاہ کیا گیا کہ محکمہ خوراک اور فوڈ اتھارٹی نے رمضان کے دوران اشیاء کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے، ملاوٹ کے خلاف کارروائی اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نے کارکردگی کو سراہتے ہوئے متعلقہ افسران کو مزید بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں اور ہدف دیا کہ صارفین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے اس موقع پر محکمہ خوراک کے افسران پر زور دیا کہ رمضان کے دوران مارکیٹ میں اشیائے خور و نوش کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ عوام کو معیاری، محفوظ اور مناسب قیمت پر خوراک کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔