فریدہ بہن جی کے والد محمد یوسف بیگ کوان کی33ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت

شہدا ء کا لہوضرور رنگ لائے گا اور کشمیر ی جلد بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کریں گے،بیان

اتوار 23 مارچ 2025 15:45

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما اورجموں وکشمیرماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی کے والد محمد یوسف بیگ کوان کی33ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یوسف بیگ کو قابض بھارتی فوجیوںنے 23نارچ1992کو گرفتارکرکے دوران حراست تشدد کا نشانہ بناکر شہید کردیاتھا ۔

فر یدہ بہن جی نے اپنے والدمحمد یوسف بیگ کو خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنے خون سے جدوجہد آزادی کی ایک نئی تاریخ رقم کررہے ہیں ،کوئی اپنا لخت جگرقربان کررہا ہے ،کسی کا باپ،کسی کا سہاگ ،کسی کا بیٹا ،کسی کاعزیز قربان ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری اپنے بنیادی حق خو دارادیت کے حصول کے لئے اس جدوجہد میں جان ومال سمیت ہر طرح کی قربانی دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

، فریدہ بہن جی نے کہا کہ شہداء کا یہ لہو اور قربانیاں ہماری تحریک کا ایک انمول سرمایہ ہیں ، ان قربانیوں کے طفیل آج ہماری جدوجہد ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہدا ء کا لہوضرور رنگ لائے گا اور کشمیر ی جلد بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کریں گے۔ جموں وکشمیر ماس موومنٹ کے دیگر رہنماوں نے بھی پارٹی سربراہ کے والد محمدیوسف بیگ کو ان کے یوم شہادت پر خرا ج عقیدت پیش کیا ہے۔

پارٹی کے چیف آرگنائزر عبدالرشید لون نے شہید محمد یوسف بیگ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہدا ء کے وارث ہیں اور ہم ان قربانیوں کی حفاظت کریں گے۔ پارٹی کے دیگر رہنمائوں،معراج الدین زرگر ، منظور احمد ڈار، واحد الزمان، فاروق احمد،شکیل احمد خان ، شیخ ہلال،محمد لطیف بٹ ،سید تنویر ، غلام محی الدین ،ریاض احمد شیخ ،نصیر احمد خان ،محمدبلال بٹ اور دیگر نے بھی محمد یوسف بیگ کو ان کے یوم شہادت پر شاندا ر خراج عقید ت پیش کیاہے۔

انہوں نے شہداء کا مشن منز ل کے حصول تک ہر قیمت پر جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہاقابض فوجیوں نے محمد یوسف بیگ کی گرفتاری سے قبل اسی روز فریدہ بہن جی کے آبائی گھر الائچی باغ سرینگر میں چھاپہ مارکر حریت پسندنوجوانوں جاوید احمد شالہ اور محمد صادق صوفی کو گرفتار کرکے دوران حراست لاپتہ کردیا تھا۔