لاہور ،اشیاء کی قیمتیں چیک کرنے والے 3 نوسرباز جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرفتار

تینوں نوسر بازخود کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بتا کر قیمتیں چیک کر رہے تھے،ضلعی انتظامیہ نے تحصیل نشتر ٹاﺅن سے گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 24 مارچ 2025 15:46

لاہور ،اشیاء کی قیمتیں چیک کرنے والے 3 نوسرباز جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ..
 لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 مارچ 2025)صوبائی دارالحکومت لاہورمیں 3نوسرباز جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو گرفتارکرلیاگیا، تینوں نوسر بازخود کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بتا کر اشیا کی قیمتیں چیک کر رہے تھے،نوسربازوں کے خلاف مقدمے کا اندراج کروا دیاگیا،جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو تحصیل نشتر ٹاون سے گرفتار کیا گیا، تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ لاہور نے اطلاع ملنے پر کارروائی کے دوران لاہور کے علاقے نشتر ٹاﺅن سے 3جعلی اور نوسربازپرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو گرفتار کیا ۔

ضلعی انتظامیہ کاکہناہے کہ اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر نشتر محمد سلیم آسی موقع پر پہنچ گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر نشتر ٹاﺅن نے تینوں نوسر بازوں کو رنگے ہاتھوں کو پکڑا۔ جعلی نوسر بازخود کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بتا کر مختلف اشیا ءکی قیمتیں چیک کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور کاکہنا ہے کہ شہری نو سر بازوں سے ہوشیار رہیں جہاں کہیں کرپٹ اور بلیک میلنگ عناصر کو دیکھیں اس کی فوری اطلاع دی جائے تاکہ ایسے عناصر کو گرفتار کرکے کڑی سے کڑی سزا دی جاسکے۔

ڈپٹی کمشنر لاہورکے مطابق تینوں جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا جبکہ نوسربازوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کروا دیا گیا۔واضح رہے کہ چند عرصہ قبل بھی لاہور کے علاقہ علامہ اقبال زون میں دکانداروں سے بھتہ طلب کرنے والے 2 جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کوگرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتار کئے گئے دونوں نوسرباز متعدد دکانداروں سے بھتہ وصول کر چکے تھے۔

جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے دکانداروں کے سامنے خود کو اسسٹنٹ کمشنر علامہ اقبال زون کے نمائندے بناکر پیش کیا تھا۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق دونوں جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دھوکا دہی، فراڈ سے پیسے اکٹھے کرنے میں ملوث ہیں، جنہیں اسسٹنٹ کمشنر علامہ اقبال زون نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ تحصیل علامہ اقبال زون میں دکانداروں سے بھتہ وصول کرتے ہوئے 2 جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس محمد شفیق اور اعجاز کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :