Live Updates

عالمی منڈی کے حساب سے ڈیزل کی قیمت 13روپے بڑھی ، لیکن حکومت نے 10روپے اضافہ کیا

ابھی ان 15دنوں میں ٹیکسز میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا، اڑھائی روپے ڈیزل پر لیوی بھی مزید لگانا تھی لیکن وزیراعظم نے لیوی نہیں لگنے دی، وفاقی وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 1 جولائی 2025 21:35

عالمی منڈی کے حساب سے ڈیزل کی قیمت 13روپے بڑھی ، لیکن حکومت نے 10روپے ..
اسلام آباد( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ یکم جولائی 2025ء ) وفاقی وزیرپیٹرولیم علی پرویزملک نے کہا ہے کہ عالمی منڈی کے حساب سے ڈیزل کی قیمت 13روپے فی لیٹر بڑھی ، لیکن حکومت نے 10روپے بڑھائی ابھی ان 15دنوں میں ٹیکسز میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا ۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرا م میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ تاریخ مجھے عمران خان کی طرح یاد رکھے کہ جب سیاست بچانے کی باری تو سعودی عرب سے بھی سستا تیل کردیا اور ملک کو دیوالیہ کے نہج پر لے گیا۔

اگر کوئی بھی حکومت جس قیمت پر ایندھین خریدتی ہے، کیونکہ پاکستان 90 فیصد ضروریات امپورٹ سے پوری کرتا ہے۔اگر خرچے سے سستا ایندھن فروخت کریں گے تو مطلب خسارہ کریں گے، خسارہ کریں گے تو نوٹ چھاپنے پڑیں گے، اگر نوٹ چھاپیں گے تو مہنگائی جو 40 سے 50 فیصد تک تھی بڑی مشکل سے قابوکی ہے، وہ دوبارہ بے قابو ہوگی اور لوگوں کی قوت خرید برباد کردے گی۔

(جاری ہے)

16جون کوڈیزل کی قیمت 86.94 ڈالر فی بیرل تھی۔ اس کے بعد جنگ ہوئی ، 20 جون قیمت 93 اور 94 ڈالر فی بیرل پر چلی گئی، پھر سیز فائر ہوا اور ڈیزل کی قیمت گرنا شروع ہوئی، پھر 30جون کو 84 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آجاتی ہے، یکم جون سے 15 جون تک ڈیزل کی اوسط قیمت 79 ڈالر فی بیرل بنتی تھی، جب کہ 15جون سے 30 جون تک کی ڈیزل کی اوسط قیمت 87 ڈالر فی بیرل بنی۔جس کا مطلب ہے کہ 8 ڈالر فی بیرل قیمت بڑھی۔

اس حساب سے 12 سے 13 روپے فی لیٹر ڈیزل کی قیمت بڑھی ہے۔ لیکن حکومت نے کم ازکم قیمت 10روپے بڑھائی ہے۔ابھی اس 15 دن میں ٹیکسز میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا ۔اس میں تین پہلو ہیں، پہلا عالمی منڈی میں تیل کی قیمت اوردوسرا پہلو اسٹیٹ بینک ڈالر کس ریٹ پر دیتا ہے، ڈالر ریٹ میں فرق آیا ہے، اور تیسرا پہلو ٹیکسز ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ 1.4بلین ڈالر آرایس ایف کا لینا ہے، اس کے مطابق اڑھائی روپے لیوی مزید لگانا تھی ۔ لیکن وزیراعظم نے لیوی نہیں لگنے دی۔ بین الاقوامی منڈی میں جو تبدیلی ہوئی اس کے مطابق قیمت اضافہ کیا ہے۔ 
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات