وفاقی حکومت کا پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے 15سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین دینے کا فیصلہ

یہ فیصلہ 5 سال سے زائد عمر بچوں میں پولیو کیسز کے بعد کیا گیا، ابتدائی طور پر کراچی، لاہور، پشاور اور جنوبی خیبر پختونخواہ کو انسداد پولیو مہم میں شامل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 1 جولائی 2025 22:45

وفاقی حکومت کا پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے 15سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ یکم جولائی 2025ء ) وفاقی حکومت نے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے 15 سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ یہ فیصلہ 5سال سے زائد عمر بچوں میں پولیو کیسز کے بعد کیا گیا ہے۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ٹاک شاک میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں مشروبات پر 50 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی تھی لیکن حکومت منظور نہیں کی۔

وزیرصحت نے کہا کہ نرسنگ کونسل کے سارے قوانین کو تبدیل کررہے ہیں۔ نئی قومی ہیلتھ پالیسی میں نئی تبدیلیاں لا رہے ہیں، وزیراعظم جلد نئی قومی ہیلتھ پالیسی کی منظور ی دیں گے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ ڈریپ کو ڈیجیٹلائز کررہے ہیں ایک ہفتے بعد وزیراعظم اس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ 3 ماہ بعد پاکستان میں فروخت ہونے والی ہردوا پر بار کوڈ موجود ہوگا،بار کوڈ اسکین کرکے دوا کے اصل ہونے اور ایکسپائری کی مدت چیک کی جاسکے گی،فارما انڈسٹری نے فروخت شدہ دواؤں پر بار کوڈ لگانے کیلئے 3ماہ کا وقت مانگا ہے۔

وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے 15سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ فیصلہ 5سال سے زائد عمر کے بچوں میں پولیو کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر کراچی اور لاہور میں 15سال کے بچوں کو انسداد پولیو مہم میں شامل کیا جائے گا۔ پشاور اور جنوبی خیبرپختونخواہ میں بھی 15سال کے بچوں کو انسداد پولیو مہم میں شامل کیا جائے گا۔ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے نئی ڈیڈ لائن دسمبر 2026ء ہے۔ مصطفی کمال نے بیماریوں کے رئیل ٹائم ڈیٹا کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزارت صحت جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈیجیٹل ہیلتھ انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔