ڈمپنگ اسٹیشن پر تعمیراتی کام آئین کی خلاف ورزی ہے، لاہورہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے ویسٹ کمپنی، واسا سمیت فریقین کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت دیدی

منگل 25 مارچ 2025 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2025ء)لاہور ہائیکورٹ میں کوڑے کو ٹھکانے لگانے اور ڈمپنگ اسٹیشن کو ماحول دوست بنانے سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے لاہور ویسٹ مینیجمنٹ کمپنی، واسا سمیت تمام فریقین کو جواب جمع کرانے کے لیے آخری مہلت دے دی۔جسٹس خالد اسحاق نے کیس کی سماعت کی، جبکہ درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل پیش کیے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ڈمپنگ اسٹیشن پر تعمیراتی کام آئین کے آرٹیکل 9 اے کی خلاف ورزی ہے۔درخواست گزار کے مطابق، عالمی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں لکھو ڈیر ڈمپنگ اسٹیشن کی صورتحال کو سنگین قرار دیا گیا ہے، جو دیکھنے کے لائق ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کوڑے کو ٹھکانے لگانے کے لیے مخصوص سائٹس بنائی گئی ہیں، لیکن وہ ماحول دوست نہ ہونے کی وجہ سے آلودگی میں اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عالمی معیار سے ہٹ کر تعمیر کی گئی ڈمپنگ سائٹس کی تعمیرات کو روکا جائے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 اپریل تک ملتوی کر دی۔