Live Updates

بلوچستان کی سرزمین پر دہشتگردی کا کوئی وجود برداشت نہیں کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی

اتوار 29 جون 2025 19:30

بلوچستان کی سرزمین پر دہشتگردی کا کوئی وجود برداشت نہیں کیا جائے گا، ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع دُکی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دو دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر اطمینان اور تحسین کا اظہار کیا ہے یہاں جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرأت اور فرض شناسی کا عملی مظہر قرار دیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی اداروں کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہمارے بہادر جوان دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کی سرزمین پر دہشتگردی کا کوئی وجود برداشت نہیں کیا جائے گا، اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے ریاستی ادارے پوری قوت کے ساتھ سرگرمِ عمل ہیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد پاکستان اور بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن ہماری سیکیورٹی فورسز ہر محاذ پر ان کے عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان حکومت سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہر سطح پر کھڑی ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے جو اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر وطن عزیز کے امن کا تحفظ کر رہی ہیں۔

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات