شادی جوا ء ہے، جلد بازی میں فیصلہ نہیں کرنا چاہتی‘مہوش حیات

مستقبل میں ہدایتکاری کا ارادہ رکھتی ہوں، سیٹ پر ہدایتکاروں کے کام کو غور سے دیکھتی ہوں‘ انٹر ویو

اتوار 29 جون 2025 17:30

شادی جوا ء ہے، جلد بازی میں فیصلہ نہیں کرنا چاہتی‘مہوش حیات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء) نامور اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ شادی ایک جوا ء ہے اسی لیے جلد بازی میں یہ فیصلہ نہیں کرنا چاہتی ۔ ایک انٹر ویو میں اداکارہ نے کہا کہ وہ مستقبل میں ہدایتکاری کا ارادہ رکھتی ہیں، وہ ڈراموں کے سیٹ پر ہدایتکاروں کے کام کو غور سے دیکھتی ہیں اور چھوٹی سے چھوٹی بات نوٹ کرتی ہیں تاکہ وہ باتیں مستقبل میں ان کے کام آ سکیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اللہ کے ساتھ ان کا ایک خاص تعلق ہے، وہ تنہائی میں اللہ سے باتیں کرتی ہیں اور انہیں اس سے دلی سکون ملتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں مہوش حیات نے کہا کہ پاکستان میں مردوں کو تو یہ اجازت ہے کہ وہ باوقار طریقے سے عمر رسیدہ ہوں، کئی مرد بڑی عمر کے باوجود کم عمر لڑکیوں کے ساتھ اسکرین پر نظر آتے ہیں اور اس پر معاشرے کو کوئی اعتراض نہیں ہوتا لیکن اداکارائوں کے لیے یہ معیار مختلف ہے، ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وقت ان کے لیے رک جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ مغرب میں ایسا نہیں ہوتا، عمر پر ضرورت سے زیادہ زور ہمارے معاشرے میں دیا جاتا ہے، معلوم نہیں کہ ایک اداکارہ کی عمر کے بارے میں ہم اتنی فکر کیوں کرتے ہیں، حتی کہ اس کی مہارت، محنت اور صلاحیت کو نظر انداز کرکے صرف عمر کو موضوعِ بحث بنایا جاتا ہے۔مہوش حیات نے کہا کہ عمر بڑھنا ایک قدرتی عمل ہے جو کسی کے اختیار میں نہیں، ہر انسان ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑا ہوتا جا رہا ہے، جو لوگ اداکاراں کی عمر پر تنقید کرتے ہیں وہ خود بھی اسی عمل سے گزریں گے چنانچہ اس حوالے سے خواتین اداکارائوں سے غیرمنصفانہ توقعات رکھنا درست نہیں۔

پاکستان میں ایسا زیادہ ہوتا ہے جبکہ بالی وڈ میں ایسی سوچ کم ہے، وہاں تو اداکارائوں کو سراہا جاتا ہے کہ انہوں نے بڑھتی عمر کے باوجود خود کو کس طرح جاذبِ نظر رکھا، مگر ہمارے یہاں صورت حال اس کے برعکس ہے۔اداکارہ کے مطابق وہ زیادہ نہیں مگر کچھ حد تک رومانوی ضرور ہیں، وہ حقیقت پسند ہیں اور ایک ایسے شخص سے شادی کرنا چاہتی ہیں جو ان کی زندگی میں سکون لائے اور جس پر انہیں مکمل اعتماد ہو۔اگرچہ کچھ لوگوں کے لیے شادی اولین ترجیح ہو سکتی ہے مگر وہ چاہتی ہیں کہ ایک سمجھدار فیصلے کے تحت ایسے شخص سے شادی کریں جو نہ صرف انہیں سمجھے بلکہ ان کا ساتھ بھی دے۔