Live Updates

پاکستان نے بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے، بھارتی دفاعی اتاشی کا اعتراف

انڈونیشیا میں سیمینار میں پریزنٹیشن میں کہا اس بات سے اتفاق کرتا ہوں ہم نے کچھ طیارے کھوئے ہیں

پیر 30 جون 2025 12:55

پاکستان نے بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے، بھارتی دفاعی اتاشی کا اعتراف
جکارتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء) بھارت کے دفاعی اتاشی نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے جنگی طیارے مار گرائے تھے۔بھارت کے دفاعی اتاشی کیپٹن شیو کمار نے انڈونیشیا میں سیمینار میں پریزنٹیشن میں کہا اس بات سے اتفاق کرتا ہوں ہم نے کچھ طیارے کھوئے ہیں، تعداد بتانے سے گریز مگر طیارے گرانے کی نئی وجہ بتا دی۔

انڈونیشیا میں تعینات انڈین ڈیفنس اتاشی بحریہ کے کیپٹن شیو کمار نے کہا کہ سیاسی قیادت نے ایئر فورس کو پاکستانی فوجی تنصیبات اور فضائی دفاعی نظام پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی تھی، انہوں نے مزید کہا کہ ایئر فورس کو سیاسی قیادت کے احکامات کے باعث پاکستان کے ہاتھوں نقصان ہوا۔یاد رہے کہ بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ قوم کو سچ بتایا جائے، اگر بھارت جیسے حساس دفاعی معاملے میں سچ چھپایا گیا تو یہ نہ صرف شفافیت کے خلاف ہے بلکہ قومی سلامتی پر بھی سوالات اٹھاتا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یہ انکشاف ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بدستور موجود ہے اور دونوں ممالک کے درمیان معمولی جھڑپ بھی کسی بڑے تنازع میں بدل سکتی ہے۔ادھر انڈونیشیا میں بھارتی سفارتخانے نے دفاعی اتاشی کی جانب سے سیمینار میں پیش کی گئی پریزنٹیشن سے متعلق میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کیپٹن شیو کمار کے طیارے گرائے جانے سے متعلق بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔بھارتی دفاعی اتاشی کا بیان سامنے آنے پر کانگریس نے مودی سرکار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار نے قوم کو گمراہ کیا اور یہ بتانے میں ناکام رہی کہ آپریشن سندور میں بھارت کے کتنے لڑاکا طیارے تباہ ہوئے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات