Live Updates

اگلے سال ملک میں گندم اور کپاس کاشت نہیں ہوگی، کسان اتحاد کا اعلان

ٰ اسمبلیوں میں صرف جھگڑے ہوتے ہیں، عملی اقدامات کی کمی نے کاشتکار کو مایوس کر دیا ،خالد کھوکھر

اتوار 29 جون 2025 20:35

اگلے سال ملک میں گندم اور کپاس کاشت نہیں ہوگی، کسان اتحاد کا اعلان
 لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2025ء) صدر پاکستان کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر نے کہا ہے کہ ملک میں زراعت شدید بحران کا شکار ہے اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اگلے سال گندم اور کپاس جیسی اہم فصلیں کاشت نہیں کی جائیں گی۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ اسمبلیوں میں صرف جھگڑے ہوتے ہیں، عملی اقدامات کی کمی نے کاشتکار کو مایوس کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کے نرخ اس قدر گر چکے ہیں کہ کسانوں کے گھروں میں صفِ ماتم بچھ چکی ہے، جبکہ پوٹاش جیسے ضروری کھاد کی قیمت 10 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ کپاس ملک کا زرمبادلہ کمانے کا 65 فیصد ذریعہ ہے، لیکن آج کاشتکار اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔ ایسی کوئی فصل نہیں رہی جس میں کسان نے فائدہ اٹھایا ہو، پیداوار کی لاگت کئی گنا بڑھ چکی ہے، انہوں نے کہا۔

(جاری ہے)

صدر کسان اتحاد نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کسانوں کے معاشی قتل کو اپنا فیصلہ قرار دے کر ہمارے زخموں پر نمک چھڑکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران صرف اپنی تنخواہیں بڑھانے کے لیے متحد ہو جاتے ہیں لیکن کسانوں کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔انہوں نے ملک میں زرعی تحقیق کے نظام پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ دنیا بھر میں یونیورسٹیاں ایگریکلچر پر تحقیق کرتی ہیں، لیکن ہمارے ہاں الگ ادارے بنا دیے گئے ہیں، جن کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے۔خالد کھوکھر نے نواز شریف ایگری کلچر یونیورسٹی کی مالی حالت کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت زراعت کے تحفظ، فصلوں کی قیمتوں اور کسانوں کی بقاء کے لیے فوری اقدامات کرے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات