جموں ، کانگریس ایم ایل اے کی غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت

منگل 25 مارچ 2025 16:06

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) بھارت کےغیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں کانگریس کے رکن اسمبلی عرفان حفیظ لون نے جموں میں اسمبلی کمپلیکس کے باہرغزہ میں صیہونی فورسز کے ہاتھوں بڑی تعداد میں مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسمبلی کی کارروائی شروع ہونے سے قبل حلقہ وگورہ کریری سے تعلق رکھنے والے ایم ایل اے عرفان حفیظ لون نے فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاج کیا ، انہوں نے ایک پلے کارڈ اٹھارکھا تھا جس پر’’فلسطین میں بے گناہوں کا قتل انسانیت کا قتل ہے‘‘ درج تھا ۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان حفیظ لون نے کہا کہ فلسطین میں بے گناہ شہریوں کا قتل عام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فلسطینیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کرنا چاہیے جن کا بے دریغ قتل عام کیاجارہاہے ۔