معاشی استحکام کے لیے بہترین کاروباری ماحول اور اصلاحات ضروری ہیں: لاہور چیمبر

منگل 25 مارچ 2025 20:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اپنے اہم اجلاس میں معاشی اصلاحات، کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور ان کے عملی حل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد کے زیر صدارت اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی نے ایک سازگار کاروباری ماحول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کاروبار دوست پالیسیوں کے نفاذ پر زور دیا تاکہ معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی اجلاس میں شریک تھے۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے پیچیدہ ٹیکس نظام، زیادہ ٹیکس شرح اور اہلکاروں کے صوابدیدی اختیارات کو کاروباری ترقی میں بڑی رکاوٹیں قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹیکس سسٹم کو سادہ بنانے، کاروبار ی شعبہ پر عائد غیر ضروری شرائط کم کرنے اور دستاویزی معیشت کو فروغ دینے کے لیے مراعات کی ضرورت پر زور دیا۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں میں غیر ضروری حکومتی مداخلت اور ریگولیٹری رکاوٹیں کاروبار کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کاروباری ضوابط میں نرمی، منظوری کے عمل کو ڈیجیٹل کرنے اور غیر ضروری انسپکشنز کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کی جا سکے۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے توانائی کے شعبہ کے لیے طویل المدت منصوبہ بندی، قابل تجدید توانائی میں سرمایہ کاری کرنے اور سستی توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا تاکہ صنعتی پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔

اجلاس میں برآمدی صنعت کے فروغ کے لیے برآمد دوست پالیسیاں اپنانے، کلیدی صنعتی شعبوں کو سبسڈی دینے اور تجارتی معاہدوں کو مزید بہتر بنانے کی سفارش کی گئی تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا جا سکے۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے امن و امان ناگزیر ہے اور کاروباری برادری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط تعاون کی ضرورت ہے تاکہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے ماحول کو محفوظ بنایا جا سکے۔ایگزیکٹو کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج اور شہریوں کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف مسائل کو اجاگر کرنا نہیں بلکہ ان کے حل میں عملی کردار ادا کرنا ہے۔