محکمہ داخلہ پنجاب نے گزشتہ ایک سال میں 100سال پرانے قوانین کو اپڈیٹ کیا‘نور الامین مینگل

جیل خانہ جات میں تاریخی ریفارمز کیے جن سے اسیران، اہل خانہ اور سوسائٹی کا فائدہ ہو رہا ہے‘ سیکرٹری داخلہ پنجاب

منگل 25 مارچ 2025 22:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2025ء)سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل سے زیر تربیت اے ایس پیز کے وفد نے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کرنے والے 17 انڈر ٹریننگ اے ایس پیز ان دنوں تربیت کیلئے پنجاب فورینزک سائنس اتھارٹی کیساتھ منسلک ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے نوجوان افسران سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر فورینزک سائنس اتھارٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہے ہیں۔

فورینزک سائنس اتھارٹی اب ریفرل لیب کی بجائے پروایکٹو کردار ادا کرے گی اور پوٹھوہار اور ملتان میں لیب کے قیام سے جہاں استعداد میں اضافہ ہوگا وہیں پینڈنگ کیسز کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ محکمہ داخلہ نے گزشتہ ایک سال میں 100سال سے زائد عرصے سے منجمد قوانین کو اپڈیٹ کیا۔

(جاری ہے)

قدیم قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کے کے معاشرے کیلئے مفید بنا رہے ہیں۔

نور الامین مینگل نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں محکمہ جیل خانہ جات میں تاریخی ریفارمز کیے جن سے اسیران، اہل خانہ اور سوسائٹی سب کا فائدہ ہو رہا ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے پروفیشنل سروس کنڈکٹ بارے نوجوان افسران کی راہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان افسران کیریئر کی ابتدا سے ہی اپنے کام پر توجہ دیں اور اپنی سمت درست رکھیں۔ افسران جزبہ خدمت کے تحت بھرپور محنت اور لگن سے عوامی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے انڈر ٹریننگ اے ایس پیز کے سوالوں کے جوابات دیے۔ ملاقات کے اختتام پر سیکرٹری داخلہ نے انڈر ٹریننگ افسران کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔ سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایس ایس پی عثمان باجوہ، ڈائریکٹر ایڈمن پنجاب فورینزک سائنس اتھارٹی ولید بیگ اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔