ڈی پی او کوہستان اپر نے داسو تھانے کے نئے تعمیر شدہ فرنٹ ڈیسک رپورٹنگ روم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

بدھ 26 مارچ 2025 15:09

داسو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان اپر فرمان اللہ نے داسو تھانے کے نئے تعمیر شدہ فرنٹ ڈیسک رپورٹنگ روم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ کوہستان اپر پولیس کے مطابق افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے ہمراہ ایس پی انویسٹی گیشن محمد صدیق، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر مسعود خان، ایس ایچ او تھانہ داسو عبدالصمد، سب انسپکٹر خلیل الرحمان اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فرمان اللہ نے کہا کہ یہ تزئین و آرائش پولیس سٹیشن کے بنیادی ڈھانچے اور خدمات کو بہتر بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے، ضلع بھر کے دیگر تھانہ جات کی بہتری کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ تھانہ داسو تزئین و آرائش شدہ فرنٹ ڈیسک رپورٹنگ روم عوام کو جرائم کی اطلاع دینے اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے زیادہ موثر اور خوش آئند ماحول فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کا مزید کہنا تھا کہ یہ اپر کوہستان میں پولیس فورس کو جدید اور مضبوط بنانے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے کمیونٹی پولیسنگ کی اہمیت پر زور دیا اور شہریوں کو داسو پولیس سٹیشن میں بہتر سہولیات سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی، یہ پیش رفت اپر کوہستان پولیس کے عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے اور تمام شہریوں کے لیے ایک محفوظ ماحول پیدا کرنے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

متعلقہ عنوان :