یونیورسٹی آف سرگودھا میں پروفیسر ڈاکٹر اے بی اشرف کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

بدھ 26 مارچ 2025 17:24

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں شعبہ اُردو زبان و ادب کے زیرِ اہتمام ممتاز محقق و نقاد اور اردو زبان و ادب کے مایہ ناز اُستاد پروفیسر ڈاکٹر اے بی اشرف کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا ۔ ریفرنس کی صدارت صدرشعبہ اردو زبان و ادب پروفیسر ڈاکٹر نسیم عباس احمر نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر شاہد نواز، ڈاکٹر ساجد جاوید، ڈاکٹر عمران اذفر اور ڈاکٹر شفیق آصف نے اظہار خیال کیا۔

ڈاکٹر نسیم عباس احمر نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر اے بی اشرف علم و ادب کا معتبر ترین حوالہ ہیں۔ انہوں نے عالمی سطح پر اردو کو متعارف کرانے کی جو کاوشیں کی ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔ ڈاکٹر اے بی اشرف طویل عرصے تک ترکی کی جامعات میں تدریس اردوکا فریضہ انجام دیتے رہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہد نواز نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر اے بی اشرف ہمارے اساتذہ کرام کے محترم استاد تھے، وہ ایک باکمال استاد تھے۔

ڈاکٹر ساجد جاوید نے کہا کہ ڈاکٹر اے بی اشرف نے شعبہ اردو بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کیا،ان کے شاگرد دنیا بھر میں موجود ہیں۔ ڈاکٹر عمران اذفر نے کہا کہ ڈاکٹر اے بی اشرف کا ذکر میں نے نوعمری میں سننا شروع کیا کیونکہ میرے دو ماموں ان کے شاگردوں میں شامل تھے۔ اُن کی بہت سی علمی اور تنقیدی جہات ہیں۔

ڈاکٹر شفیق آصف نے کہا کہ میرا ڈاکٹر اے بی اشرف سے ابتدائی تعارف 1982 میں اردو اکادمی ملتان کے تنقیدی اجلاس میں ہوا۔ وہ نئے لکھنے والوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتے تھے وہ ملتان کی تہذیبی اقدار اور روایات سے جڑے ہوئے خوبصورت انسان تھے ایسے شخصیات کم کم ملتی ہیں۔پروگرام کے آخر میں ڈاکٹر طارق حبیب نے پروفیسر ڈاکٹر اے بی اشرف کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کرائی۔ اس تعزیتی ریفرنس میں شعبہ اردو زبان و ادب یونیورسٹی آف سرگودھا کے اساتذہ کرام اور طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔