آزاد جموں وکشمیر ہائیکورٹ کے جج جسٹس میاں عارف حسین کی ریٹائرمنٹ پر تقریب

بدھ 26 مارچ 2025 21:28

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) آزاد جموں وکشمیر ہائیکورٹ کے جج جسٹس میاں عارف حسین کے اعزاز میں انکی ریٹائرمنٹ کے سلسلہ میں سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چیف جسٹس آزادجموں و کشمیر ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ، ججز ہائیکورٹ جسٹس میاں عارف حسین، جسٹس سید شاہد بہار، جسٹس سردار محمد اعجاز خان، جسٹس خالد رشید چوہدری، صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن سید انیس الحسن گیلانی، نائب صدر سنٹرل بار ایسو سی ایشن ثاقب نعیم چغتائی، سنٹرل بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران اور وکلاء نے شرکت کی۔

چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس صداقت حسین راجہ نے کہا کہ جسٹس میاں عارف حسین کا کیرئیر آپ سب کیلئے مشعل راہ ہے۔

(جاری ہے)

میں بطور وکیل ان کے سامنے پیش ہوتا رہا۔ مجھے ان کے بطور جج انتخاب پر بھی فخر ہے۔ موصوف کا کیرئیر جہد مسلسل سے عبارت ہے وہ انتہائی خوش قسمت رہے ہیں، وکلاء اورجوڈیشل آفیسران ان کی تقلید کریں اور ان سے رہنمائی لیں۔انہوں نے کہا کہ سنٹرل بار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، سنٹرل بار نے آزاد کشمیر کی عدلیہ اور سیاسی قیادت کے بڑے نام پیدا کئے۔مہمان خصوصی جسٹس میاں عارف حسین نے کہا کہ سنٹرل بار ایسوسی ایشن کا انتہائی مشکور ہوں دوران سروس سنٹرل بار کا تعاون شامل حال رہا۔