ماہ رنگ بلوچ اور سمی دین بلوچ سمیت بلوچ یکجہتی کمیٹی کے کارکنوں کو رہاکیا جائے ،سید زین شاہ

بدھ 26 مارچ 2025 21:38

ماہ رنگ بلوچ اور سمی دین بلوچ سمیت بلوچ یکجہتی کمیٹی کے کارکنوں کو رہاکیا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2025ء)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور کنوینر دریائے سندھ بچا تحریک سید زین شاہ نے ماہ رنگ بلوچ اور سمی دین بلوچ سمیت بلوچ یکجہتی کمیٹی کے کارکنوں پر تشدد اور گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنی جاری کردہ بیان میں سید زین شاہ کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی پارٹی اور کارکنوں کا بنیادی حق ہے اور ریاست کسی بھی قانون کے تحت یہ حق نہیں چھین سکتی۔

ماہ رنگ بلوچ، سمی دین بلوچ سمیت جو بھی سیاسی کارکن پرامن احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے ہیں، وہ ریاستی جبر کا شرمناک چہرہ ہے۔ اس عمل سے بلوچستان میں حالات مزید خراب ہوں گے۔ سید زین شاہ نے مزید کہا کہ تشدد کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اگر حکمران بلوچستان کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنا چاہتے ہیں تو بلوچستان کے عوام سے بات چیت کا عمل شروع کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست نے اب سندھیوں اور بلوچوں سے پرامن احتجاج کا حق بھی چھین لیا ہے۔ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ طاقت کے زور پر بلوچ قوم کو دبا کر اور لوگوں پر تشدد کر کے انہیں خوفزدہ کیا جا سکتا ہے، تو یہ ان کی ناکام کوشش ہوگی۔ سید زین شاہ نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام بلوچستان کے حقوق کی تحریک کے لیے کی جانے والی پرامن جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ماہ رنگ بلوچ، سمی دین بلوچ سمیت بلوچ یکجہتی کمیٹی کے تمام کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور بلوچ عوام سے بات چیت کا آغاز کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :