لکی مروت میں دہشتگردوں نے پنجاب کو گیس سپلائی کرنیوالی پائپ لائن اڑادی

مین گیس پائب لائن پھٹنے سے پنجاب کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی، پولیس نے حمل آوروں کی تلاش شروع کردی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 2 جولائی 2025 11:35

لکی مروت میں دہشتگردوں نے پنجاب کو گیس سپلائی کرنیوالی پائپ لائن اڑادی
لکی مروت ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جولائی 2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں نے پنجاب کو گیس فراہم کرنے والی پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ضلع لکی مروت میں تھانہ صدر کی حدود میں پیش آیا جہاں تورواہ کے مقام وانڈہ امیر کے قریب دہشت گردوں نے ایک بار پھر پنجاب جانے والی مین ٹرانسمیشن گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا، اس حوالے سے مقامی پولیس نے بتایا کہ مین گیس پائب لائن پھٹنے سے پنجاب کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی، پولیس اور گیس حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مرمتی کام شروع کروا دیا۔

بتایا گیا ہے کہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور حملے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، حکام نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کو غیر مستحکم کرنے کی سازش اور توانائی کی فراہمی میں رکاوٹ قرار دے دیا کیوں کہ ایک ہفتہ قبل بھی اسی مقام پر دیشت گردوں نے پنجاب جانی والی پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی تھی جب کہ اس سے قبل بھی مختلف مقامات پر گیس لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑایا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

حال ہی میں لکی مروت میں دہشت گردوں کی جانب سے بیٹنی گیس فیلڈ سے پنجاب کو گیس فراہم کرنے والی پائپ لائن کو بارودی مواد سے اڑا دیا گیا تھا ، دھماکے کے نتیجے میں پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی اور گیس کا اخراج بھی شروع ہو گیا تھا، تورواہ نامی برساتی نالے کے مقام پر دھماکے کے ذریعے گیس پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا ، جس پر سکیورٹی فورسز کے دستے فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچے ، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا اور واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئیں اور سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر حساس تنصیبات کے اطراف نگرانی مزید سخت کردی گئی تھی۔