Live Updates

خیبرپختونخواہ حکومت گرانے کی افواہیں،پی ٹی آئی کی مولانافضل الرحمان کو منانے کی کوششیں

تحریک انصاف خیبرپختونخوا ہ حکومت بچانے کیلئے متحرک ہو گئی، پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے دوران خیبرپختونخواہ حکومت نہ گرانے کی درخواست کی ہے

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 2 جولائی 2025 11:10

خیبرپختونخواہ حکومت گرانے کی افواہیں،پی ٹی آئی کی مولانافضل الرحمان ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02جولائی 2025)خیبرپختونخواہ حکومت گرانے کی افواہیں سامنے آنے کے بعدپی ٹی آئی کی مولانافضل الرحمان کو منانے کی کوششیں شرو ع کر دیں،پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا ہ حکومت بچانے کیلئے متحرک ہو گئی،مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعد خیبر پختونخوا ہ حکومت گرانے کی افواہوں کے پیش نظر پی ٹی آئی قیادت نے صوبائی حکومت کا ساتھ دینے کیلئے مولانا فضل الرحمان کو قائل کرنے کی کوششیں شروع کر دیں۔

پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے دوران خیبرپختونخواہ حکومت نہ گرانے کی درخواست کی ہے۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ صوبائی حکومت گرانے کے عمل میں شامل نہ ہوں۔یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت گرانے کی ایک منظم سازش کی جارہی تھی۔

(جاری ہے)

میرے پاس اختیار ہے میں کسی وقت بھی اسمبلی کو تحلیل کر سکتا تھا۔خیبر پختونخوا ہ حکومت کو ختم کرنے کیلئے پوری کوشش کی جارہی تھیں۔اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کاکہناتھاکہ وفاق آئینی حق کے نام پر فنانشل ایمرجنسی نافذ کر کے خیبر پختونخوا کی حکومت کو ختم کرنا چاہتا تھا۔ہمارے لیڈر کو جیل میں ناحق رکھا گیا ہے۔

9 مئی کے بعد جو رویہ ہمارے ساتھ رکھا گیا اور پھر ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیاتھا۔ خیبر پختونخوا ہ کے عوام نے اپنے مینڈیٹ کو بچایا۔میں تمام اداروں کو کھلا پیغام دے رہا ہوں مجھے حکومت کی ذمہ داری دی گئی تھی۔میرے پاس اختیار ہے میں کسی وقت بھی اسمبلی کو معطل کر سکتا ہوں اس کیلئے کسی وقت یا بجٹ کی ضرورت نہیں تھی۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ہ علی امین گنڈاپورنے بجٹ منظوری پر عمل درآمد کو روکتے ہوئے حکومتی ارکان اسمبلی کو ہدایت کی تھی کہ وہ  اسمبلی اجلاس میں کوئی مطالبات زر پیش نہ کریں۔

آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔ان کاکہنا تھا کہ بجٹ اجلاس بلانا گورنر کی آئینی ذمہ داری ہے لیکن گورنر نے بجٹ اجلاس نہیں بلایا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا آئینی، قانونی اور اخلاقی حق تھا کہ وہ بجٹ پر مشاورت کریں لیکن ان سے مشاورت کیلئے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اسمبلی کو یہ بھی ہدایت کی گئی تھی کہ وہ آئندہ بجٹ اجلاس میں کٹ موشن کی منظوری کا حصہ نہ بنیں، تاکہ کسی کو موقع نہ ملے کہ وہ اسے حکومت کے خلاف استعمال کرے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ یہ ہم سے مینڈیٹ چھین لیں گے۔میں ارکان اسمبلی اور پی ٹی آئی کے ورکرز کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ پھر 9 مئی اور 8 فروری کروانا چاہتے تھے۔ورکرز تیار ہو جائیں میں لائحہ عمل دوں گا اور یہ سازش کامیاب ہونے نہیں دوں گا۔ یہ سازش کرکے ہمیں غلام بنانے کی کوشش کریں گے لیکن ان کی سازش ناکام بنائیں گے۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات