حکمرانوں نے اپنی مراعات میں دو سو فیصد اضافہ کر کے غریب قوم کا مذاق اڑایا ہے، پاکستان عوامی تحریک

بدھ 26 مارچ 2025 21:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2025ء)پاکستان عوامی تحریک کراچی کے جنرل سیکرٹری نوجوان سیاسی و سماجی رہنماء الیاس مغل سے PATلیبر ونگ کراچی کے جنرل سیکرٹری طاہر محسود کی وفد کے ہمراہ ملاقات پاکستان اسٹیل مل ملازمین کی جبری رخصتی و دیگر مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری الیاس مغل نے کہا حکمرانوں نے اپنی مراعات میں دو سو فیصد اضافہ کر کے غریب قوم کا مذاق اڑایا ہے۔

ملک کی دو فیصد اشرافیہ 98فیصد لوگوں کا حق ہڑپ رہی ہے کرپٹ نظام کا خاتمہ نا گزیر ہو چکا ہے۔مہنگائی صرف حکمرانوں کے دعوئوں اور میڈیا کے اشتہارات میں ہی کم ہوئی ہے عملی زندگی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔دس سال کی کم ترین مہنگائی کا دعوی کرنے والے کبھی مارکیٹ میں جا کر اشیاء کی قیمت بھی پوچھ لیا کریں تو انہیں اندازہ ہو گا پانچ سال پہلے چیزوں کا ریٹ کیا تھا اور آج کیا ہے جو چیز مہنگی ہو کر جس جگہ پہنچی آج بھی اسکا ریٹ وہی ہے ۔

(جاری ہے)

الیاس مغل نے کہا صرف اربوں روپے لگا کر میڈیا پر اشتہارات سے مہنگائی کا خاتمہ نہیں ہوتا بلکہ اس کیلئے عملی اقدامات اور اہلیت کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ ہمارے حکمرانوں میں کہیں بھی نہیں پائی جاتی۔الیاس مغل نے کہا پاکستان کا سو فیصد نوجوان موجودہ کرپٹ نظام سے مایوس ہے لاقانونیت اورنا انصافی نے سارے ریکارڈ توڑ دئے ہیں۔پاکستان اسٹیل مل کے تیرہ سو ملازمین کی جبری رخصتی ظلم ہے مزدور وں کے گھروں میں فاقے ہو رہے ہیں ۔

پہلی ریاست دیکھی ہے جو روزگار دینے کے بجائے چھین رہی ہے ۔عید کے بعد اسٹیل مل ملازمین کے ساتھ ملکر انکی بحالی کی تحریک چلائیں گے۔الیاس مغل نے کراچی میں ہیوی ٹریفک میں آئے روز حادثات قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے عملی اقدامات کا بھی مطالبہ کیا۔