سٹیٹ بینک کی تمام شیڈولڈ بینکوں کوعیدالفطر کی تعطیلات کے ایام میں اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی کا وافر سٹاک موجود رکھنے کی ہدایت

جمعرات 27 مارچ 2025 17:55

سٹیٹ بینک کی تمام شیڈولڈ بینکوں کوعیدالفطر کی تعطیلات کے ایام میں اے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام شیڈولڈ بینکوں کوعیدالفطر کی تعطیلات کے ایام میں اپنے اپنے بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی کا وافر سٹاک موجود رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اے ٹی ایم مشینیں استعمال کرنے والے بینکوں کے کھاتے داران کو عیدالفطر کے ایام میں رقوم نکلوانے میں کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سٹیٹ بینک کے ترجمان نے بتایا کہ مختلف بینکوں کے کھاتے داران کی جانب سے اسٹیٹ بینک کے مجاز حکام کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ گزشتہ عید کے موقع پر اکثر بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی ختم ہو گئی تھی جبکہ کئی مشینیں آؤٹ آف آرڈر بھی تھیں جس کے باعث اے ٹی ایم صارفین کو عید کے ایام میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں اپنے اہم معمولات کی انجام دہی میں بھی شدید دشواری پیش آئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تمام بینکوں کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اے ٹی ایم مشینوں کی ورکنگ کو چیک کریں اور چھٹیوں کے دوران بھی اے ٹی ایم مشینوں میں وافر مقدار میں کرنسی رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عیدالفطر کے سلسلہ میں 31 مارچ بروز سوموار سے2 اپریل بروز بدھ تک3 چھٹیوں کا اعلان کیا گیاہے جبکہ 29 اور 30 مارچ کوہفتہ اور اتوارکو ہفتہ وار سرکاری تعطیل کے باعث بنک اور مالیاتی ادارے 5 روز کیلئے بند رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :