ڈاکوئوں نے مبینہ طورپرلوٹ مار کے دوران مزاحمت پرنوجوان کو گولیاں مارکرابدی نیند سلا دیا

جمعرات 27 مارچ 2025 21:12

ڈاکوئوں نے مبینہ طورپرلوٹ مار کے دوران مزاحمت پرنوجوان کو گولیاں مارکرابدی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2025ء)تھانہ ساہیانوالہ کے علاقہ بچوآنہ سٹاپ پر اتھرے ڈاکوئوں نے مبینہ طور پر لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر نوجوان کو گولیاں مار کر ابدی نیند سلا دیا، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب اطلاع ملی کہ پٹرولنگ سالار والا روڈ پر بچوآنہ سٹاپ کے قریب سڑک پر نوجوان کی نعش پڑی ہے، جس کے سر سے تازہ خون بہہ رہا ہے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ ساہیانوالہ محمد افضل‘ اے ایس آئی جمیل ارشد اور دیگر ملازمان کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو جہاں پر ایس پی اور ڈی ایس پی بھی پہنچ گئے اور سڑک پر نوجوان کی نعش پڑی تھی جس کے سر سے خون بہہ رہا تھا اور تلاشی لینے پر اسکی جیب سے نقدی 52سو روپے اور موبائل فون نکلا۔

فون سے مقتول کے ورثاء سے رابطہ کرنے پر اس کا نام عمران ساجد ولد فلک شیر سکنہ 131 رب بچوآنہ معلوم ہوا۔ جسے نامعلوم ملزمان نے سر میں گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ تاہم پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اندھے قتل کا سراغ لگانے کیلئے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ۔