محکمہ ثقافت کے پی کے اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کا انکشاف

کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے نجی بینک کے منیجر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا

جمعرات 27 مارچ 2025 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2025ء)خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کا انکشاف ہوا ہے۔ کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے نجی بینک کے منیجر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ پشاور سے جاری مراسلے کے مطابق بینک منیجر 53.90کروڑ روپے کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز پر جواب جمع کرائے، بینک منیجر کی ملی بھگت سے سرکاری اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے نکالے گئے۔

(جاری ہے)

مراسلے کے مطابق بینک نے محکمہ سیاحت اور محکمہ خزانہ کی منظوری کے بغیر اکاؤنٹ آپریٹ کیا۔ مراسلے کے مطابق بینک نے حکومتی قوانین، ضابطوں اور اکاؤنٹس کے اصولوں کی خلاف ورزی کی۔ مراسلے کے مطابق مئی 2023میں اکاؤنٹ میں 53کروڑ روپے تھے، جولائی 2023میں صرف 80لاکھ رہ گئے۔ مراسلے کے مطابق دو ماہ کے دوران سرکاری اکاؤنٹ سے مشکوک طریقے سے کروڑوں روپے نکالے گئے، سرکاری اکاؤنٹ میں جمع پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کی بینک گارنٹی کی رقم نکالنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ مراسلے کے مطابق نجی بینک کو سات اپریل تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :