سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کو عید سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی

جمعہ 28 مارچ 2025 15:11

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کو عید سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔ سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ڈائریکٹر ایڈمن میجر وقاص کے مطابق تمام ملازمین کو ماہانہ 37 ہزار روپے تنخواہ عید سے قبل ایڈوانس ادا کر دی گئی ہے، جبکہ عید کی چھٹیوں کے دوران بھی کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی گئی۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوڑا کرکٹ کوڑے دان میں ڈالیں، کیونکہ جب تک عوام خود صفائی کے اصولوں پر عمل نہیں کریں گے، شہر کو صاف رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ پورے ڈویژن کی تمام تحصیلوں میں صفائی کا عمل جاری ہے اور عوام کو یہ بہتری واضح طور پر نظر آ رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے معیار کو بلند کیا جا رہا ہے اور جلد ہی اس کے مثبت نتائج عوام کے سامنے ہوں گے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ایڈمن میجر وقاص نےبتایاکہ کمپنی نے یکم فروری سے اپنے کام کا آغاز کیا تھا اور پہلے ہی ماہ میں متعدد اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ ہمیں تین ماہ کا گریس پیریڈ دیا گیا ہے، اور اس کے مکمل ہونے تک اسے ایک مضبوط اور مستحکم ادارہ بنا دیا جائے گا۔ کچھ ٹھیکیدار چاہتے ہیں کہ گریس پیریڈ میں توسیع ہو، لیکن ہم اسے بڑھانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ تمام ورکرز کو 37 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ ادا کر دی گئی ہے تاکہ تمام ملازمین کی فیملیز عید کی خوشیاں اپنے جذبہ سے منا سکیں۔