میٹرک امتحانات میں ڈیوٹی سے انکارکی اجازت نہیں ،چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا

جمعہ 28 مارچ 2025 22:32

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2025ء)چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں عیدالفطر کے بعدبیک وقت شروع ہونے والے میٹرک امتحانات میں ڈیوٹی سے انکارکی اجازت نہیں ورنہ اسے اساتذہ کا غیرمناسب طرز عمل سمجھا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس ضمن میںمحکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبہ بھر میں تمام مردانہ و زنانہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرزکے نام مراسلہ جاری کیا ہے جس میں چیف سیکرٹری کی ہدایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امتحانات میں ڈیوٹی سے انکار کی اجازت نہیں اور ڈیوٹی سے انکار پر اسے مس کنڈکٹ سمجھا جائے گا۔

محکمہ تعلیم نے تمام ڈی ای اوز سے کہا ہے کہ وہ ان ہدایات پر عمل کرنا یقینی بنائیں۔دریں اثناء ضلعی انتظامیہ کوہاٹ اور ہنگو نے آئندہ ماہ اپریل میں شروع ہونے والے میٹرک امتحانات میں نقل کی مؤثر روک تھام کے لئے کریک ڈاؤن کرکے پاکٹ گائیڈز برآمدکرکے سٹیشنری کی کئی دکانوں کو سیل کردیا اور بڑی تعداد میںپاکٹ گائیڈز قبضہ میں لے کرضبط کرکے دکانداروں پر جرمانہ عائد کیا۔