مسجد نبویﷺ میں خاتون اور سکیورٹی گارڈ کی ہاتھا پائی

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سعودی حکام کا مؤقف آگیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 29 مارچ 2025 13:16

مسجد نبویﷺ میں خاتون اور سکیورٹی گارڈ کی ہاتھا پائی
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مارچ 2025ء ) سعودی عرب میں مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ میں ایک خاتون اور سکیورٹی گارڈ کے درمیان ہاتھا پائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد معاملے پر سعودی حکام کا مؤقف آگیا۔ تفصیلات کے مطابق مسجد نبویؐ میں خاتون اور سکیورٹی اہلکار کے درمیان پیش آنے والے واقعے پر سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پبلک سکیورٹی نے کہا کہ محکمہ مسجد نبوی ﷺ میں ایک سکیورٹی اہلکار پر حملہ کرنے والی خاتون کے واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے اور ضروری قانونی طریقہ کار کو مکمل کر رہا ہے تاہم جب کوئی اہلکار اپنے دائرہ اختیار میں ضوابط اور ہدایات پر عمل درآمد کرنے اور خلاف ورزیوں کا پتا لگانے کے اپنے فرائض انجام دے رہا ہو تو کسی سکیورٹی افسر پر حملہ کرنا ممنوع ہے، ان کارروائیوں کو بڑے جرائم تصور کیا جاتا ہے جن کی گرفتاری اور سخت سزا دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

saudi
بتایا جارہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں کسی خاتون کی مسجد نبوی ﷺ میں ایک مرد سکیورٹی آفیسر کے ساتھ پہلے تلخ کلامی اور پھر دونوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو میں خاتون نے اہلکار کو تھپڑ مارا تو سکیورٹی آفیسر نے بھی جواب میں فوری طور پر خاتون کو متعدد تھپڑ رسید کردیئے، جس کے بعد دوسرے سکیورٹی گارڈز مداخلت کرتے ہیں۔

سعودی پولیس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے تاہم ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران کچھ افراد نے خاتون کی قومیت کے بارے میں بھی بات کی اور بعض نے اس خاتون کو پاکستانی قرار دیا تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی اور نہ ہی اس حوالے سے سعودی حکام نے کچھ بتایا۔