Live Updates

پارٹی میں کوئی کشمکش نہیں اور نہ فاروڈ بلاک بن رہا ہے ، سلمان اکرم راجہ

پارٹی میں اس وقت جو لوگ موجودہیں وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے بے وفائی کرنے کا نہیں سوچ سکتے، عمران خان کی ہدایات کے مطابق ملاقات کرنے والوں کی فہرست تیار کی جاتی ہے،رہنماءپی ٹی آئی کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 29 مارچ 2025 13:25

پارٹی میں کوئی کشمکش نہیں اور نہ فاروڈ بلاک بن رہا ہے ، سلمان اکرم راجہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29 مارچ 2025)پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ پارٹی میں کوئی کشمکش نہیں اور نہ ہی کوئی فاروڈ بلاک بن رہاہے،پارٹی میں اس وقت جو لوگ موجودہیں وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے بے وفائی کرنے کا نہیں سوچ سکتے،ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی میں بہت سارے لوگوں کی خواہش ہوتی ہے کہ و ہ بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کریںاور کئی لوگ چاہتے ہیں کہ ہر دفعہ ان کا نام ملاقات کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہو۔

جیل میںملاقات کرنے کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان ہم سے باقاعدہ مشاورت کرتے ہیں ۔بانی پی ٹی آئی ہمیں خود بتاتے ہیں کہ وہ کس سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں ان کی ہدایات کے مطابق ملاقات کرنے والوں کی فہرست تیار کی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بابراعوان کا نام میں نے ملاقات کرنے والوں کی لسٹ سے نہیں نکالاتھا۔ان کا نام اگلے ہفتے کی لسٹ میں بھی شامل نہیں تھا۔

گفتگو کے دوران سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت جیل کے معاملات چودھری ظہیرعباس ایڈووکیٹ دیکھ رہے ہیں۔ فوجداری مقدمات سلمان صفدرجبکہ میں آئینی نوعیت کے معاملات کے حوالے سے ہونے والی مشاورت میں شامل ہوں۔ایک اورسوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ہ علی امین گنڈا پور کی پرفارمنس ٹھیک ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے مجھے بتایا ہے کہ ایسی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں کہ انہیں وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹایا جا رہا ہے ۔عمران خان کو علی امین گنڈاپور پر پورا اعتماد حاصل ہے۔علی امین گنڈاپورکا عہدہ مستحکم ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قانون کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرناہمارا حق ہے اور اس سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے ہائیکورٹ کے فیصلے بھی موجود ہیں۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کی ہدایات جاری کی ہوئی ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات