عیدالفطر کے آمد کے سلسلے میں آر ٹی اے پشاور اور پی ٹی اے خیبر پختونخوا سٹاف ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مسافروں سے زائد کرایہ وصولی کے خلاف متحرک

ہفتہ 29 مارچ 2025 23:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2025ء) کمشنر پشاور ڈویژن/ چئیرمین ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاض خان محسود کی ہدایات پر عید الفطر کے آمد کے سلسلے میں آر ٹی اے پشاور اور پی ٹی اے خیبر پختونخوا سٹاف ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مسافروں سے زائد کرایہ وصولی کے خلاف متحرک ہے، اڈوں میں گاڑیوں کی موجودگی اور کرایہ نامہ پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے عملہ اڈوں میں موجود ہے۔

کمشنر پشاور ڈویژن کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق عید الفطر کے آمد کے سلسلے میں لوگ پشاور سے عید اپنوں کے ساتھ منانے کے لیے مسافر اڈوں کا رخ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس دوران مسافر اڈوں میں گاڑیوں کی موجودگی اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ کرایہ نامہ پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن/چئیرمین ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی پشاور ریاض خان محسود کی خصوصی ہدایت پر سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی پشاور ابرار احمد وزیر کی نگرانی میں آر ٹی اے پشاور اور پی ٹی اے خیبر پختونخوا سٹاف ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ پشاور کے تمام سی اور بی کلاس جنرل بس سٹینڈز جی ٹی روڈ، کوہاٹ روڈ، چارسدہ روڈ اور پشاور بس ٹرمینل میں موجود ہیں تاکہ مسافروں کے شکایات کا ازالہ موقع پر فوری طور کیا جا سکے،مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والے گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو موقع پر جرمانہ کر کے اضافی وصول کیا گیا اور کرایہ مسافروں کو واپس کیا گیا۔